صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزماں نے چیف سیکریٹری آفس میں منعقدہ اعلیٰ سطح اجلاس میں شرکت کی، جہاں ملک بھر میں گندم کی دستیابی اور آٹے کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
گندم پر وفاق اور صوبوں کا اہم اجلاس
وفاقی وزیر خوراک کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، جبکہ کمشنر کراچی، سیکریٹری خوراک اور دیگر متعلقہ حکام بھی اجلاس میں موجود تھے۔
آٹے کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوا، وزیر خوراک
صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزماں نے کہا کہ گندم کی صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور آٹے کی قیمتوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں ہوا۔
گندم کی قلت کا کوئی خطرہ نہیں
انہوں نے واضح کیا کہ فی الحال گندم کی کمی کا کوئی خدشہ نہیں، تاہم ضرورت پڑنے پر پاسکو سے گندم حاصل کرنے کے لیے کابینہ کمیٹی سے منظوری لی جائے گی۔
ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری
وزیر خوراک کے مطابق ذخیرہ اندوزوں کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں گندم برآمد کی گئی ہے، جبکہ حکومت سندھ گندم کی فراہمی اور آٹے کی قیمتوں پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔
گندم کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کا فیصلہ
اجلاس میں وفاق اور صوبوں کے درمیان رابطے مزید مؤثر بنانے اور ملک بھر میں گندم کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔