پیپلز پارٹی اپوزیشن بن کر اپنی ہی حکومت پر تنقید کر رہی ہے، بلال اظہر کیانی

فہرستِ مضامین

میرپور آزاد کشمیر: وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی انتخابی مہم میں اپوزیشن جیسی تقریریں کرکے اپنی ہی حکومت کے فیصلوں کی نفی کر رہی ہے۔

آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 42 ویلی 3 کے امیدوار سید شوکت شاہ اور ایل اے 39 جموں 6 کے امیدوار راجہ صدیق سے ملاقات کے بعد مختلف کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ مختلف برادریوں اور عمائدین نے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کا رشتہ قربانیوں سے جڑا ہوا ہے۔ پاکستانیوں اور کشمیریوں نے ایک دوسرے کے لیے جانیں قربان کیں اور بھارت کے خلاف جنگیں لڑیں۔ ان کا کہنا تھا کہ “جہلم میرپور ہے اور میرپور جہلم ہے” کیونکہ دونوں خطوں کے درمیان لازوال رشتہ قائم ہے۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ تمام سیاسی اور قومی مسائل مکالمے اور پارلیمنٹ کے ذریعے حل کیے جا سکتے ہیں، جبکہ جمہوریت دلیل اور عوامی رائے کا نام ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کشمیری مہاجرین کی مؤثر نمائندگی کے بغیر نہ آزاد کشمیر مکمل ہے اور نہ ہی پاکستان۔

انہوں نے پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک طرف حکومت میں ہیں اور دوسری طرف اپوزیشن کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

وزیرِ مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر میں ترقی کا ہر دور مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کے دورِ حکومت میں آیا، اور نواز شریف عوامی طاقت کے ذریعے کشمیریوں کے مسائل حل کریں گے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں