دنیا کے معروف یوٹیوبر اور کانٹینٹ کریئیٹر مسٹر بیسٹ، جن کا اصل نام جمی ڈونلڈسن ہے، جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والی کانٹینٹ کریئیٹر تھیا بوئسن کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دونوں کی شادی برطانوی ورجن آئی لینڈز میں واقع معروف کاروباری شخصیت رچرڈ برانسن کے نجی جزیرے نیکر آئی لینڈ پر ایک نجی تقریب میں ہوئی، جس میں صرف قریبی رشتہ داروں اور دوستوں سمیت تقریباً 70 مہمان شریک ہوئے۔
شادی کی تقریبات ایک ہفتے تک جاری رہیں، جہاں مہمانوں نے مختلف تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ اختتامی تقریب میں مسٹر بیسٹ اور تھیا بوئسن نے شادی کی باقاعدہ رسومات ادا کیں۔
دلہن نے خصوصی ڈیزائنر عروسی لباس جبکہ مسٹر بیسٹ نے رالف لارین کا ٹکسڈو زیب تن کیا۔ استقبالیہ تقریب میں نوبیاہتا جوڑے نے اپنا پہلا رقص لیڈی گاگا اور برونو مارس کے مشہور گانے “Die With A Smile” پر کیا، جبکہ مہمانوں کی تواضع سوشی، واگیو بیف، سمندری غذا اور دیگر خصوصی پکوانوں سے کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق مسٹر بیسٹ اور تھیا بوئسن کی پہلی ملاقات 2022 میں جنوبی افریقہ میں ایک مشترکہ دوست کے ذریعے ہوئی تھی۔ بعد ازاں دونوں کے درمیان دوستی محبت میں تبدیل ہوئی اور دسمبر 2024 میں مسٹر بیسٹ نے اہلِ خانہ کی موجودگی میں تھیا کو شادی کی پیشکش کی۔
شادی سے قبل مسٹر بیسٹ کا کہنا تھا کہ وہ اپنی شادی کو میڈیا کی چکاچوند سے دور رکھنا چاہتے ہیں تاکہ یہ لمحہ صرف خاندان اور قریبی دوستوں کے ساتھ گزار سکیں۔
تھیا بوئسن نے شادی کو اپنی زندگی کا یادگار ترین لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے یہ صرف ایک تقریب نہیں بلکہ اپنے عزیزوں کے ساتھ محبت بھرے لمحات گزارنے کا خوبصورت موقع تھا۔
واضح رہے کہ تھیا بوئسن جنوبی افریقہ کی معروف گیمنگ کانٹینٹ کریئیٹر، ٹوئچ اسٹریمر، مصنفہ اور قانون و نفسیات کی تعلیم یافتہ ہیں، جبکہ مسٹر بیسٹ اس وقت دنیا کے سب سے زیادہ سبسکرائب کیے جانے والے یوٹیوبرز میں شمار کیے جاتے ہیں۔