پیپر لیک احتجاج پر سلمان خان کا دوٹوک مؤقف سامنے آگیا

فہرستِ مضامین

ممبئی: بالی وڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے پیپر لیک کے خلاف ہونے والی طلبا تحریک کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کی یہ جدوجہد بہتر تعلیمی نظام کے لیے ہے، جسے سیاسی رنگ نہیں دیا جانا چاہیے۔

سلمان خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ یہ تحریک ابتدا میں نہایت پُرامن تھی، تاہم بعد میں اس میں تشدد کا عنصر شامل ہونا انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے احتجاج کے دوران متاثر ہونے والے طلبا اور ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دکھ میں وہ برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپر لیک کا معاملہ ایک نہایت سنجیدہ مسئلہ ہے اور یہ خوش آئند بات ہے کہ ملک بھر کے طلبا ایک شفاف اور مضبوط تعلیمی نظام کے مطالبے کے لیے متحد ہوئے۔ سلمان خان کے مطابق والدین کی جانب سے طلبا کی بھرپور حمایت بھی قابلِ تحسین ہے۔

بالی وڈ اسٹار نے کہا کہ وہ طلبا کے جذبے، عزم اور محنت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ان کے مطابق نوجوان ثابت کر رہے ہیں کہ وہ محنت سے تعلیم حاصل کرکے اپنا مستقبل روشن بنانا چاہتے ہیں اور ایک تعلیم یافتہ، ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر میں کردار ادا کرنے کے خواہش مند ہیں۔

سلمان خان نے مزید کہا کہ طلبا نے اپنے احتجاج کو پُرامن انداز میں آگے بڑھایا، جس سے ان کی ہمت، بہادری اور تعلیم سے وابستگی واضح ہوتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہی نوجوان مستقبل میں ملک کا نام روشن کریں گے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یہ معاملہ صرف طلبا اور تعلیمی نظام سے متعلق ہے، اس لیے اسے سیاسی رنگ نہیں دینا چاہیے۔ ان کے مطابق اس تحریک کی کامیابی کا اصل کریڈٹ طلبا کو جاتا ہے، جبکہ حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ ان کے مطالبات پر مثبت پیش رفت کرتے ہوئے تعلیمی نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔

اپنے پیغام کے اختتام پر سلمان خان نے دعا کی کہ اس معاملے کا جلد مثبت حل نکلے اور تمام طلبا اپنے تعلیمی مقاصد میں کامیاب ہوں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں