پاکستان کے دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ قانونی ویزا یا دیگر درست سفری دستاویزات رکھنے والے کسی بھی افغان شہری کو ملک سے بے دخل نہیں کیا گیا، جبکہ مختلف امیگریشن پروگراموں کے تحت ہزاروں درخواستوں پر کارروائی جاری ہے۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے بتایا کہ آئی ایف آر پی (IFRP) کے تحت تقریباً 89 ہزار افغان شہریوں کے کیسز زیرِ غور ہیں اور ان پر متعلقہ ادارے کارروائی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تقریباً 16 ہزار افغان خواتین، بچوں اور بزرگوں کے قیام میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے تاکہ انہیں درپیش مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب سہولت فراہم کی جا سکے۔
چترال کے قریب سرحدی علاقوں میں پیش آنے والے مبینہ واقعے سے متعلق سوال پر طاہر اندرابی نے کہا کہ اس حوالے سے ابھی تک کوئی مصدقہ معلومات دستیاب نہیں۔ ان کے مطابق افغانستان سے موصول ہونے والی اطلاعات کی زمینی سطح پر تصدیق ضروری ہے، اس لیے غیر مصدقہ خبروں پر تبصرہ کرنا مناسب نہیں ہوگا