بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے ناصر آباد میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں اغوا کیے گئے 6 غیر مقامی مزدوروں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق مزدوروں کو مبینہ طور پر فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں نے قتل کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے 27 جولائی کو ایک حملے کے دوران پہلے مزدور جاوید کو قتل کیا تھا، جبکہ دیگر 6 مزدوروں کو اغوا کر لیا گیا تھا۔ بعد ازاں اغوا کیے گئے تمام مزدوروں کو بھی قتل کر دیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں محمد ارشد، محمد تیمور، محمد پرویز، محمد وزیر، محمد امجد اور محمد یحییٰ شامل ہیں۔ ان میں سے چار مزدور پنجاب جبکہ دو خیبرپختونخوا کے رہائشی تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ تمام افراد بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہے تھے۔ اس سے قبل بھی چند روز پہلے ماشکیل میں پانچ غیر مقامی مزدوروں کو قتل کیا گیا تھا، جس کے بعد صوبے میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے مزدوروں کی سیکیورٹی پر تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔