مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کے تین اضلاع، مظفرآباد، نیلم اور جہلم ویلی کی 9 میں سے 8 نشستوں جبکہ پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں پر پولنگ کا عمل سخت سکیورٹی، احتجاج، سڑکوں کی بندش اور کشیدہ صورتحال کے درمیان جاری ہے۔
اس مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کے 9 حلقوں سے 207 امیدوار مدمقابل ہیں، جبکہ مہاجرین کی 12 نشستوں پر 137 امیدوار قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔ ڈویژن میں تقریباً 8 لاکھ 95 ہزار ووٹرز کے لیے 1,483 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 533 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کے 4 لاکھ 38 ہزار سے زائد ووٹرز کے لیے 1,057 پولنگ اسٹیشنز مختص کیے گئے ہیں۔
انتخابات ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب گزشتہ دو ماہ سے خطہ شدید سیاسی اور سماجی بے چینی کا شکار ہے۔ کالعدم قرار دی گئی “جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی” کی جانب سے جاری احتجاجی تحریک اور انتخابی بائیکاٹ مہم نے حالات کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ مختلف جھڑپوں میں اب تک 40 سے زائد شہری اور کم از کم 5 سکیورٹی اہلکار جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
دارالحکومت مظفرآباد میں چند روز قبل بحال کی گئی انٹرنیٹ سروس کشیدگی دوبارہ بڑھنے پر صرف 24 گھنٹوں کے اندر معطل کر دی گئی۔ گزشتہ تین روز کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں تصادم کے نتیجے میں مزید چار افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ مظاہرین کی جانب سے مرکزی شاہراہوں کی بندش کے باعث وادی نیلم اور جہلم ویلی جانے والے راستے بند ہو گئے، جس سے انتخابی سامان اور پولنگ عملے کی ترسیل بھی متاثر ہوئی۔
مظاہرین نے شہر کے متعدد علاقوں میں مختلف سیاسی جماعتوں کے انتخابی بینرز اور پوسٹرز بھی ہٹا کر نذرِ آتش کیے، جس سے انتخابی ماحول مزید کشیدہ ہو گیا۔
ادھر الیکشن کمیشن نے حلقہ ایل اے-27 (مظفرآباد 1) میں شدید بارش، لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش کے باعث پولنگ ملتوی کر دی ہے۔ نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ اس فیصلے پر پاکستان پیپلز پارٹی نے سخت اعتراض کرتے ہوئے اسے غیر منطقی قرار دیا اور مؤقف اختیار کیا کہ چند مقامات پر رکاوٹوں کی بنیاد پر پورے حلقے کی پولنگ ملتوی کرنا ووٹرز کے حقِ رائے دہی سے محروم کرنے کے مترادف ہے۔
دوسری جانب ایل اے-28 (مظفرآباد 2) میں پیپلز پارٹی کے امیدوار سید بازل علی نقوی نے شکایت کی ہے کہ 71 پولنگ اسٹیشنوں پر مقررہ وقت تک انتخابی عملہ نہیں پہنچ سکا، جس پر انہوں نے پولنگ کے اوقات بڑھانے اور انتظامی غفلت کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
تمام تر سکیورٹی خدشات اور انتظامی مشکلات کے باوجود مظفرآباد، نیلم اور جہلم ویلی کے مختلف حلقوں میں مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی اور استحکام پاکستان پارٹی کے امیدواروں کے درمیان سخت انتخابی مقابلے جاری ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پونچھ ڈویژن کی نشستوں پر پولنگ 10 اگست کو شیڈول ہے، تاہم موجودہ امن و امان کی صورتحال کے باعث وہاں بھی انتخابات کے بروقت انعقاد پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔