واٹس ایپ استعمال کرتے ہیں؟ یہ نیا فیچر آپ کو حیران کر دے گا

فہرستِ مضامین

واٹس ایپ اپنے صارفین کے لیے ایک اور اہم فیچر پر کام کر رہا ہے، جس کے ذریعے تصاویر اور ویڈیوز پر ردعمل دینے اور جواب بھیجنے کا طریقہ پہلے سے کہیں زیادہ آسان اور تیز ہو جائے گا۔

واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں سامنے آنے والی اس نئی اپ ڈیٹ کے تحت میڈیا ویور (Media Viewer) کے انٹرفیس کو مکمل طور پر تبدیل کیا جا رہا ہے، تاکہ صارفین کو فل اسکرین موڈ سے باہر آئے بغیر ہی ری ایکشن دینے اور چیٹ کرنے کی سہولت مل سکے۔

WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ نے 2024 میں تصاویر اور ویڈیوز پر ری ایکشن اور ریپلائی کا فیچر متعارف کرایا تھا، لیکن اب تک صارفین کو کسی بھی میڈیا فائل پر ردعمل دینے کے لیے پہلے فل اسکرین بند کرکے چیٹ ونڈو میں واپس جانا پڑتا تھا۔

نئے ڈیزائن کے بعد یہ مرحلہ ختم ہو جائے گا۔ اب تصویر یا ویڈیو دیکھتے ہوئے ہی اسکرین کے نیچے ایک ریسپانس بار موجود ہوگی، جہاں صارفین فوری طور پر ایموجی ری ایکشن بھی دے سکیں گے اور براہِ راست پیغام بھی ٹائپ کر سکیں گے۔

اس نئے انٹرفیس میں دو ڈیفالٹ ایموجیز فوری طور پر نظر آئیں گی، جبکہ ایک کلک کے ذریعے تمام دستیاب ایموجیز کی فہرست بھی کھولی جا سکے گی۔ اس کے علاوہ “+” بٹن کے ذریعے مکمل ایموجی کی بورڈ تک بھی رسائی حاصل ہوگی۔

صرف یہی نہیں، میڈیا ویور کے اندر ایک مکمل چیٹ بار بھی شامل کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے صارفین تصویر یا ویڈیو دیکھتے ہوئے ہی ٹیکسٹ میسج بھیج سکیں گے، نئی تصاویر یا ویڈیوز اٹیچ کر سکیں گے، وائس نوٹ ریکارڈ کر سکیں گے اور دیگر مواد بھی شیئر کر سکیں گے، یعنی انہیں چیٹ اسکرین پر واپس جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

فی الحال یہ نیا فیچر محدود تعداد میں اینڈرائیڈ بیٹا صارفین کے لیے جاری کیا گیا ہے۔ واٹس ایپ کی جانب سے ابھی تک یہ نہیں بتایا گیا کہ اسے تمام صارفین کے لیے کب تک جاری کیا جائے گا، تاہم توقع کی جا رہی ہے کہ کامیاب آزمائش کے بعد اسے آئندہ اپ ڈیٹس میں عالمی سطح پر متعارف کرا دیا جائے گا۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں