حکومت کے طاقتور ترین وزیر کون؟ خواجہ آصف کا حیران کن دعویٰ

فہرستِ مضامین

وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے کردار پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ موجودہ حکومت کے سب سے طاقتور وزیر ہیں اور متعدد معاملات میں وزیراعظم کو بھی جوابدہ نہیں ہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام “نیا پاکستان” میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ محسن نقوی بظاہر وزیر داخلہ ہیں، تاہم عملی طور پر حکومتی نظام کا حصہ نظر نہیں آتے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کے اجلاسوں میں بھی محسن نقوی کی شرکت نہ ہونے کے برابر رہی ہے اور انہوں نے انہیں صرف دو یا تین مرتبہ ہی اجلاسوں میں دیکھا ہے۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ محسن نقوی کی پارلیمنٹ میں حاضری بھی انتہائی محدود رہی ہے اور ان کے بقول وزیر داخلہ اب تک صرف سات یا آٹھ مرتبہ ہی پارلیمنٹ آئے ہوں گے۔

خواجہ آصف نے محسن نقوی کے حالیہ بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایک طاقتور وفاقی وزیر بھی حکومتی معاملات پر شکایت کر رہا ہے تو پھر حکومت کے دیگر ارکان کے لیے اس صورتحال میں کام کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔

انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا، “اگر محسن نقوی ہی شکایت کر رہے ہیں تو پھر ہمیں گھر چلے جانا چاہیے۔”

وزیر دفاع کے اس بیان کو حکومتی حلقوں میں غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے کیونکہ یہ ریمارکس ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب حکومت کے اندر مختلف امور پر اختلافات اور اختیارات سے متعلق بحث جاری ہے۔

خواجہ آصف کے بیان پر تاحال وزیر داخلہ محسن نقوی یا وفاقی حکومت کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں