پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے حالیہ بیان پر عوامی ردعمل دینے سے گریز کیا جائے اور موجودہ قومی حالات میں حکومت اور ریاستی اداروں کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کو ترجیح دی جائے۔
دی نیوز میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق نواز شریف کا مؤقف ہے کہ ملک کو اس وقت معاشی، سیاسی اور سیکیورٹی سمیت کئی بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، اس لیے ایسی کسی بھی صورت حال سے بچنا ضروری ہے جو حکومتی صفوں یا ریاستی اداروں کے درمیان اختلافات کا تاثر پیدا کرے۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی کے حالیہ بیان، جس میں انہوں نے نظام سے متعلق گفتگو کی تھی، پر مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کے بعض رہنماؤں نے اپنے تحفظات نواز شریف تک پہنچائے۔ تاہم پارٹی صدر نے رہنماؤں کو تحمل اور بردباری اختیار کرنے کی تلقین کی۔
رپورٹ کے مطابق نواز شریف نے واضح کیا کہ موجودہ حالات میں وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے درمیان مکمل ہم آہنگی اور تعاون انتہائی اہم ہے، لہٰذا کسی بھی ایسے بیان یا ردعمل سے اجتناب کیا جانا چاہیے جو اختلاف یا کشیدگی کا تاثر دے۔
انہوں نے پارٹی رہنماؤں پر زور دیا کہ قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا جائے اور ایسے معاملات پر غیر ضروری سیاسی محاذ آرائی سے گریز کیا جائے جو ملکی استحکام کو متاثر کر سکتے ہیں۔