وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے آزاد کشمیر کے انتخابات کو مکمل طور پر شفاف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کسی اتحاد کی محتاج نہیں ہوگی بلکہ اپنے بل بوتے پر حکومت قائم کرے گی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے پنجاب میں ہونے والے ترقیاتی کاموں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ن لیگ کے امیدواروں کو ووٹ دیا۔ ان کے مطابق پیپلزپارٹی نے انتخابی عمل کے دوسرے مرحلے میں بھی اعتراضات اور پروپیگنڈا جاری رکھا، تاہم اس سے نتائج پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ انتخابات کے اگلے مرحلے میں ہونے والی 10 نشستوں میں سے کم از کم 7 پر مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کرے گی، جس کے بعد حکومت بنانے کی پوزیشن مزید مضبوط ہو جائے گی۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ انتخابات کے تیسرے مرحلے کے بعد پیپلزپارٹی بھی نتائج کو تسلیم کرنے پر مجبور ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری بخوبی جانتے ہیں کہ آزاد کشمیر کے انتخابات آزادانہ اور منصفانہ انداز میں منعقد ہوئے ہیں، اسی لیے ن لیگ کو اپنی حکومت بنانے میں کسی اتحادی جماعت کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔