وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر سرکاری دورے کے لیے سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر اہم بات چیت متوقع ہے۔
وزیراعظم کے وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شامل ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، سرمایہ کاری، باہمی شراکت داری اور علاقائی امن و استحکام سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ دورہ خطے میں جاری سفارتی سرگرمیوں، امن کے فروغ اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کو مزید وسعت دینے کے تناظر میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔
دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے، جبکہ مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ﷺ میں حاضری دے کر روضۂ رسول ﷺ پر سلام پیش کریں گے۔
پاکستانی حکام کے مطابق اس اعلیٰ سطحی دورے سے دونوں برادر ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ ملنے کی توقع کی جا رہی ہے۔