حافظ نعیم کی حکومت کو آخری وارننگ! 225 روپے پیٹرول نہ ہوا تو کیا ہوگا؟

فہرستِ مضامین

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرول کی قیمت فوری طور پر 225 روپے فی لیٹر مقرر کی جائے، بصورت دیگر عوامی احتجاج میں مزید شدت آئے گی۔

وحدت روڈ پر جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیرِ اہتمام مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف ہونے والے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ جمعہ 7 اگست کو ملک بھر کے 510 مقامات پر پُرامن دھرنے دیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کے دوران سڑکیں بند رکھی جائیں گی، تاہم ایمبولینس اور دیگر ہنگامی گاڑیوں کو مکمل راستہ دیا جائے گا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اگر حکومت نے احتجاج میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو پیٹرولیم لیوی کے خلاف جاری تحریک کو حکومت مخالف مہم میں تبدیل کر دیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری حکمرانوں پر ہوگی۔

انہوں نے پیٹرولیم لیوی کو عوام پر اضافی بوجھ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک لیٹر پیٹرول پر تقریباً 125 روپے ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے، جس سے عام شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی کے دوران عالمی منڈی میں قیمتیں بڑھنے کا جواز بنا کر پاکستان میں بھی پیٹرول مہنگا کیا گیا، لیکن عالمی سطح پر خام تیل کی قیمت کم ہونے کے باوجود یہاں ریلیف نہیں دیا گیا۔

امیر جماعت اسلامی نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکمران عوامی مسائل سے بے خبر ہیں، جبکہ مہنگائی نے گھریلو بجٹ تباہ کر دیا ہے اور خواتین کو گھر چلانے کے لیے اپنے زیورات تک فروخت کرنے پڑ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل تو کرتی ہے، مگر اپنے غیر ضروری اخراجات کم کرنے سے گریزاں ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جمعہ کو شام 4 بجے ملک بھر میں ہونے والے پُرامن احتجاجی مظاہروں میں بھرپور شرکت کریں تاکہ حکومت پر عوامی مطالبات تسلیم کرنے کے لیے دباؤ بڑھایا جا سکے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں