آزاد کشمیر: تیسرے مرحلے کے انتخاب مؤخر

فہرستِ مضامین

مظفرآباد: آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے تیسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے ضلع پونچھ اور ضلع سدھنوتی میں انتخابات مؤخر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق اب تیسرے مرحلے میں صرف ضلع باغ اور ضلع حویلی میں پولنگ ہوگی، جبکہ پونچھ ڈویژن کے دیگر دو اضلاع میں انتخابات بعد میں کرائے جائیں گے۔

اس سے قبل جاری کردہ انتخابی پروگرام کے تحت پونچھ ڈویژن کے چار اضلاع کی 11 نشستوں پر ایک ہی مرحلے میں ووٹنگ ہونا تھی، تاہم الیکشن کمیشن نے انتظامی وجوہات کے باعث شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے دو اضلاع کے انتخابات ملتوی کر دیے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ نئے شیڈول کے تحت تیسرے مرحلے میں صرف دو اضلاع میں انتخابی عمل مکمل کیا جائے گا، جبکہ ملتوی کیے گئے اضلاع کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ 27 جولائی کو جبکہ دوسرے مرحلے کی ووٹنگ 2 اگست کو کامیابی سے منعقد ہو چکی ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں