واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کے خیال میں ایران کے خلاف جاری جنگ زیادہ عرصہ نہیں چلے گی، کیونکہ ایران اس تنازع کو طویل مدت تک جاری رکھنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔
صحافیوں سے عالمی اور امریکی توانائی کی قیمتوں پر گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ جنگ جلد اپنے اختتام کو پہنچ جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ “مجھے نہیں لگتا کہ ایرانی زیادہ دیر تک یہ جنگ جاری رکھ سکیں گے۔”
دوسری جانب امریکی صدر نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی کارکردگی سے انتہائی مطمئن ہیں۔
ٹرمپ نے ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں کا دفاع کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ آپریشن اپنے مقاصد کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے۔ ان کے مطابق ایران کو اس حد تک نقصان پہنچایا گیا ہے کہ وہ مستقبل میں جوہری ہتھیار حاصل کرنے کے قابل نہ ہو سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے خلاف کارروائیوں کے نتائج مثبت ہیں اور امریکی حکمت عملی مؤثر ثابت ہو رہی ہے، جبکہ ان کے بقول موجودہ صورتحال امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے لیے اطمینان بخش ہے۔