وزیر اعظم نے پاک، سعودی اور ترکیہ کے دفاعی معاہدہ کو خوش آئند قرار دے دیا

فہرستِ مضامین

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کو تینوں ممالک کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ نہ صرف باہمی مفادات کا تحفظ کرے گا بلکہ خطے میں سیکیورٹی اور استحکام کو بھی مزید مضبوط بنائے گا۔

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدے پر دستخط کے حوالے سے اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس معاہدے پر دستخط کرنا ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ تینوں ممالک کے درمیان مشترکہ وژن کو عملی شکل دینے میں فیلڈ مارشل کا کردار اہم رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تعاون کا یہ نیا مرحلہ باہمی اعتماد اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر آگے بڑھے گا۔

شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ دفاعی معاہدہ تینوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ خطے میں امن، سیکیورٹی اور خوشحالی کے فروغ کا ذریعہ بنے گا۔

انہوں نے دعا کی کہ اس معاہدے کے نتیجے میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے عوام کے لیے خوشحالی میں اضافہ ہو اور اس کے مثبت اثرات پوری مسلم دنیا تک پہنچیں۔

ایک ملک پر حملہ، تینوں کے خلاف حملہ تصور ہوگا

واضح رہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ معاہدے کے تحت کسی ایک ملک کے خلاف ہونے والی جارحیت کو تینوں ممالک کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔

اس معاہدے کو تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس کے تحت مشترکہ سیکیورٹی مفادات، دفاعی تعاون اور خطے میں استحکام کے لیے باہمی رابطوں کو مزید فروغ دینے کی توقع ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کے مطابق یہ معاہدہ تینوں ممالک کے مفاد میں ہے اور خطے کی مجموعی سلامتی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں