این سی سی آئے کا نوٹس یا بڑا سیاسی محاذ؟ ایاز لطیف پلیجو کے حق میں احتجاج

فہرستِ مضامین

حیدرآباد: 8 اگست 2026: قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو کے خلاف ایف آئی اے میں مقدمہ درج کیے جانے، سندھ کی تقسیم کی مبینہ سازش، نیو جلالپور کینال اور دریائے سندھ سے متعلق منصوبوں کے خلاف قومی عوامی تحریک کے کارکنوں نے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرین کی قیادت قومی عوامی تحریک حیدرآباد ضلع کے صدر نظیر بلیڈی سمیت معشوق چانڈیو، نور حسن جمالی، بابو میمن، الطاف خاصخیلی، بابو سولنگی، اصغر گوپانگ، فضا ملاح، راجا چانڈیو، معشوق وگھیو، گلزار کلہوڑو، شفاق گراڑو، نظیر قریشی، وکیل اسلم لغاری اور روزینہ بھٹو سمیت دیگر رہنماؤں نے کی۔

مظاہرے کے دوران شرکا نے ایاز لطیف پلیجو کے خلاف ایف آئی اے کارروائی، نیو جلالپور کینال اور دریائے سندھ سے متعلق منصوبوں کے خلاف نعرے لگائے۔

’ایف آئی اے کا نوٹس سندھ کے عوام کو خاموش کرانے کی کوشش ہے‘

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قومی عوامی تحریک کے رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ حکمران سندھ کے دریا، وسائل اور وحدت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سندھ کو تقسیم کرنے کی مبینہ سازشوں کے خلاف عوام کو بیدار کرنے کے ’جرم‘ میں ایاز لطیف پلیجو کے خلاف ایف آئی اے میں جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایاز لطیف پلیجو سندھ کے عوام کی آواز ہیں اور ایف آئی اے کا نوٹس صرف ایک سیاسی رہنما کے خلاف کارروائی نہیں بلکہ سندھ کے عوام کو خوفزدہ کرکے خاموش کرانے کی کوشش ہے۔

مقررین نے کہا کہ مقدمات، گرفتاریوں یا دیگر دباؤ کے باوجود سندھ کی وحدت کے تحفظ کے لیے سیاسی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

10 اگست کو کراچی میں احتجاج کا اعلان

قومی عوامی تحریک کے رہنماؤں نے اعلان کیا کہ 10 اگست کو کراچی میں ایاز لطیف پلیجو کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے بڑا احتجاج کیا جائے گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس احتجاج میں بڑی تعداد میں وطن دوست افراد شرکت کریں گے۔

رہنماؤں نے کہا کہ سندھ ہزاروں سال سے سندھیوں کا تاریخی وطن ہے اور اسے کسی بھی قیمت پر تقسیم نہیں ہونے دیا جائے گا۔

جلالپور کینال اور ڈیمز پر شدید تحفظات

مقررین نے نیو جلالپور کینال کے بعد دریائے سندھ پر ڈیمز اور دیگر منصوبوں کی مبینہ منصوبہ بندی پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر دریائے سندھ پر مزید کینال اور ڈیم بنائے گئے تو سندھ کے زرعی اور ماحولیاتی مستقبل کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے اور صوبہ بنجر ہونے کا خدشہ ہے۔

رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ سندھ کے خلاف کی جانے والی سازشیں دراصل ملک کے خلاف سازشیں ہیں اور ایسے اقدامات ملک میں مزید مسائل پیدا کریں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ قومی عوامی تحریک ڈیمز اور کینالز کے خلاف پرامن سیاسی مزاحمت جاری رکھے گی اور دریا، وسائل اور سندھ کی وحدت کے تحفظ کے لیے جدوجہد کرے گی۔

ایاز لطیف پلیجو پر مقدمہ ختم کرنے کا مطالبہ

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ایاز لطیف پلیجو کے خلاف درج ایف آئی اے مقدمہ ختم کیا جائے، سندھ کی تقسیم سے متعلق مبینہ سازشیں بند کی جائیں اور دریائے سندھ اور صوبے کے وسائل سے متعلق فیصلوں میں سندھ کے مفادات کو مدنظر رکھا جائے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں