الیکشن کمیشن نے شاہد خاقان عباسی کی عوام پاکستان پارٹی کوڈی لسٹ کر دیا

فہرستِ مضامین

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی سیاسی جماعت عوام پاکستان کو انٹرا پارٹی انتخابات مقررہ مدت میں نہ کرانے پر رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی فہرست سے خارج کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق عوام پاکستان پارٹی نے قانون کے تحت مقررہ مدت کے اندر انٹرا پارٹی انتخابات منعقد نہیں کیے، جس پر الیکشن ایکٹ کی متعلقہ شقوں کے تحت کارروائی کرتے ہوئے جماعت کو ڈی لسٹ کیا گیا۔

کمیشن نے واضح کیا ہے کہ ملک میں رجسٹرڈ تمام سیاسی جماعتوں کے لیے قانون کے مطابق مقررہ مدت میں انٹرا پارٹی انتخابات کرانا لازمی ہے۔ مقررہ وقت میں یہ قانونی تقاضا پورا نہ کرنے والی جماعتوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا سکتی ہے۔

عوام پاکستان پارٹی سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور دیگر رہنماؤں نے مسلم لیگ ن سے علیحدگی کے بعد قائم کی تھی۔ پارٹی نے خود کو روایتی سیاسی جماعتوں کے متبادل کے طور پر پیش کیا تھا اور شفافیت، احتساب اور عوامی مسائل کو ترجیح دینے کا مؤقف اختیار کیا تھا۔

واضح رہے کہ جنوری 2025 میں الیکشن کمیشن نے عوام پاکستان پارٹی کو رجسٹر کیا تھا اور اس کے انٹرا پارٹی انتخابات کو بھی تسلیم کیا تھا۔

حالیہ فیصلے کے بعد عوام پاکستان پارٹی کے سیاسی مستقبل اور آئندہ قانونی لائحہ عمل کے حوالے سے سوالات پیدا ہوگئے ہیں۔ پارٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر ردعمل سامنے آنا باقی ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں