سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی کو سنگین دھمکیاں، معاملہ کیا ہے؟

فہرستِ مضامین

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بھارتی کرکٹ بورڈ (BCCI) کے سابق صدر سارو گنگولی اور ان کی اہلیہ ڈونا گنگولی کو مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گنگولی خاندان اور ان کے پرسنل اسسٹنٹ کی جانب سے پولیس کو دی گئی شکایت میں بتایا گیا ہے کہ پیر کے روز بنگال کرکٹ کے صدر کے دفتر میں ایک دھمکی آمیز خط موصول ہوا۔

رپورٹس کے مطابق خط انگریزی میں تحریر تھا، جس میں سارو گنگولی اور ان کے خاندان کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ تقریباً 6 ماہ سے گنگولی خاندان کو نامعلوم افراد کی جانب سے قابل اعتراض اور دھمکی آمیز خطوط موصول ہورہے تھے، تاہم ابتدا میں انہیں مداحوں کی جانب سے بھیجے گئے خطوط سمجھ کر نظر انداز کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق حالیہ خط میں استعمال ہونے والی جارحانہ زبان اور مسلسل دھمکیوں کے بعد خاندان نے معاملہ پولیس کے علم میں لانے کا فیصلہ کیا۔

گنگولی خاندان نے مقامی پولیس اسٹیشن میں باقاعدہ تحریری شکایت درج کرادی ہے، جبکہ ریاستی حکومت کے سکیورٹی ڈپارٹمنٹ کو بھی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے ضروری اقدامات کی درخواست کی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ دھمکی آمیز خطوط کورئیر کے ذریعے گنگولی کی رہائش گاہ پر بھیجے گئے تھے۔

پولیس حکام نے گنگولی کے پرسنل اسسٹنٹ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور سارو گنگولی اور ان کے اہلخانہ کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں