پاکستانی اداکارہ نمرہ خان کی دوسری شادی کے حوالے سے اختلافات کی خبریں سامنے آنے کے بعد ان کی سوشل میڈیا پوسٹس کا سلسلہ جاری ہے۔ اداکارہ حالیہ دنوں میں شادی، رشتوں اور خواتین کے خودمختار رہنے سے متعلق مختلف پیغامات شیئر کر رہی ہیں۔
نمرہ خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ایک وائرل پیغام دوبارہ شیئر کیا، جس میں لڑکیوں کے والدین کو مشورہ دیا گیا تھا کہ وہ اپنی بیٹیوں کی شادی ایسے مردوں سے نہ کریں جو مالی طور پر دوسروں پر انحصار کرتے ہوں۔
اداکارہ نے اس پیغام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ رشتہ طے کرنے سے قبل لڑکے کی مالی حیثیت اور مستقبل کے حوالے سے اس کی ذمہ داری کو ضرور مدنظر رکھنا چاہیے۔
نمرہ خان اس سے قبل بھی ایسے پیغامات شیئر کر چکی ہیں جن میں خواتین کو تکلیف دہ اور نامناسب رویوں والے رشتوں کے بجائے اپنی خودمختاری کو ترجیح دینے کا مشورہ دیا گیا۔ ان کے مطابق غلط شخص کے ساتھ زندگی گزارنے کے مقابلے میں تنہا اور خودمختار رہنا بہتر انتخاب ہو سکتا ہے۔
تاہم، نمرہ خان اور ان کے شوہر کی جانب سے اب تک علیحدگی کے حوالے سے کوئی باضابطہ یا واضح اعلان سامنے نہیں آیا۔