اسلام آباد: بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے اڈیالہ جیل سے پارٹی کے سابق رہنما اور ابتدائی ساتھی اکبر ایس بابر کے نام اہم پیغام بھجوایا ہے۔
اکبر ایس بابر کے مطابق عمران خان کا پیغام جیل میں موجود ایک دیرینہ ساتھی کے ذریعے ان تک پہنچا۔ پیغام میں عمران خان نے پارٹی کے ابتدائی دور سے وابستہ رہنماؤں، ناراض کارکنوں اور دیگر ساتھیوں کو دوبارہ ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کی ذمہ داری اکبر ایس بابر کو سونپی ہے۔
اکبر ایس بابر نے جیو نیوز سے گفتگو میں پیغام کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان نے یہ بھی کہا کہ جیل سے رہائی کے بعد وہ سب سے پہلے ان کے گھر جائیں گے۔
عمران خان کے اس پیغام کو پی ٹی آئی کے پرانے ساتھیوں کو دوبارہ قریب لانے اور پارٹی کے اندر اختلافات کم کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔