عباس عراقچی کا فرانس اور مغربی ممالک پر سخت وار، ’منافقت شرمناک ہے‘

فہرستِ مضامین

ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے فرانس سمیت دیگر مغربی ممالک کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان پر دوہرے معیار اپنانے کا الزام عائد کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ مغربی ممالک ایران میں داخلی اختلافِ رائے اور مظاہرین سے نمٹنے کے معاملے پر تہران کو انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کے حوالے سے تنقید کا نشانہ بناتے ہیں، تاہم غزہ میں اسرائیل کے اقدامات کے خلاف مؤثر کارروائی سے گریز کرتے ہیں۔

ایرانی وزیرِ خارجہ کے مطابق فرانس جیسے ممالک کو ایران کو انسانی حقوق کے حوالے سے لیکچر دینے سے پہلے اپنے طرزِ عمل پر غور کرنا چاہیے۔ انہوں نے مغربی ممالک کے رویے کو ’واضح اور شرمناک منافقت‘ قرار دیا۔

عباس عراقچی نے مزید کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی مبینہ کارروائیوں اور ایران کے خلاف جاری جارحیت کی حمایت نے مغربی ممالک کے اخلاقی برتری کے دعوے کو بے معنی کر دیا ہے۔

ان کا یہ بیان اس مشترکہ اعلامیے کے بعد سامنے آیا ہے جس میں یورپی یونین اور 20 دیگر ممالک نے ایران میں مظاہرین کی ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تہران سے انسانی حقوق کے احترام، سزائے موت کے استعمال کے خاتمے اور مبینہ طور پر من مانی حراست میں لیے گئے افراد کی رہائی کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا تھا۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں