پاکستان کا 79واں یومِ آزادی آج ملک بھر میں قومی جذبے اور جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز مختلف مقامات پر توپوں کی سلامی اور نمازِ فجر کے بعد ملکی سلامتی، ترقی، امن، خوشحالی اور قومی یکجہتی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔
جشنِ آزادی کا آغاز رات 12 بجتے ہی ہوگیا تھا، جب ملک کے مختلف شہروں میں شہری بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے۔ عمارتیں، شاہراہیں، بازار اور گلیاں سبز ہلالی پرچموں اور برقی قمقموں سے سج گئیں، جبکہ مختلف مقامات پر آتش بازی نے جشن کی رونق میں اضافہ کردیا۔
کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، ملتان اور حیدرآباد سمیت کئی شہروں میں شہریوں نے ریلیوں اور مختلف تقریبات کے ذریعے یومِ آزادی منایا۔
لاہور، ملتان اور حیدرآباد میں شاندار آتش بازی
لاہور میں گریٹر اقبال پارک اور لبرٹی چوک پر آتش بازی کے بڑے مظاہرے کیے گئے، جنہیں دیکھنے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی۔
حیدرآباد میں بھی رات 12 بجتے ہی مختلف مقامات پر آتش بازی کی گئی جبکہ شہری جشنِ آزادی کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔
ملتان میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گھنٹہ گھر چوک پر آتش بازی کا اہتمام کیا گیا، جہاں جشن میں شرکت کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے
یومِ آزادی کے موقع پر لاہور اور کوئٹہ میں دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ اس موقع پر مساجد میں نمازِ فجر کے بعد پاکستان کی سلامتی، ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
مسلح افواج کی قوم کو مبارکباد
پاکستان کی مسلح افواج نے بھی قوم کو 79ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل، چیف آف نیول اسٹاف اور چیف آف ایئر اسٹاف نے قوم کو جشنِ آزادی کی مبارکباد دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے تمام خطرات کے مقابلے میں ملکی دفاع کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ان کا عزم غیر متزلزل ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ بانیانِ پاکستان کا وژن اور ان کے اصول آج بھی قوم کو ملکی نظریات اور اقدار کی پاسداری کی ترغیب دیتے ہیں۔
مسلح افواج نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ قوم کے ساتھ متحد ہو کر ملک میں امن، استحکام اور سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنا کردار جاری رکھا جائے گا۔
ملک بھر میں یومِ آزادی کی تقریبات کا سلسلہ دن بھر جاری رہے گا، جبکہ شہری قومی پرچم لہرا کر اور مختلف تقریبات میں شرکت کرکے آزادی کا دن منا رہے ہیں۔