صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ایوانِ صدر میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں ملکی سلامتی، داخلی و خارجی صورتحال، علاقائی معاملات اور دہشتگردی کے خلاف جاری اقدامات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، سینیٹر شیری رحمان اور اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان بھی شریک ہوئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی اور مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان طے پانے والے تاریخی سہ فریقی امن معاہدے سے متعلق آگاہ کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے معاہدے پر مؤثر عملدرآمد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔