ایرانی دارالحکومت تہران میں ممکنہ جنگی صورتحال سے نمٹنے کیلئے امریکی فوجیوں کی لاشوں کی عارضی تدفین کے انتظامات کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق بہشت زہرا قبرستان کے سی ای او محمدجواد تاجک نے بتایا کہ تہران کی شہری حدود سے باہر ایک مقام کو ہنگامی حالات کیلئے تیار کیا گیا ہے، جہاں تقریباً 5 ہزار قبروں کی گنجائش موجود ہے۔
محمدجواد تاجک کا کہنا تھا کہ یہ محض میڈیا مہم یا نفسیاتی دباؤ ڈالنے کی کوشش نہیں بلکہ مقام کو عملی طور پر تیار کیا جا چکا ہے۔ ان کے مطابق بحران کی صورت میں غیر ملکی فوجیوں کی لاشوں کو محفوظ رکھنے، ان کی منتقلی اور ضرورت پڑنے پر عارضی تدفین کیلئے انتظامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان تیاریوں کا مطلب یہ نہیں کہ ایران امریکی فوجیوں کے تہران میں داخلے یا جنگ کو یقینی سمجھتا ہے۔ ان کے بقول یہ مختلف ممکنہ ہنگامی اور بحرانی حالات کیلئے پیشگی منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔