جنوبی افریقا میں ایرانی سفارتخانے نے وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ کے استعفے سے متعلق ایک نیا دعویٰ سامنے لاتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے عہدہ خاندان کو وقت دینے کیلئے نہیں بلکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے دلبرداشتہ ہوکر چھوڑا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ایرانی سفارتخانے نے سوشل میڈیا پر کیرولین لیویٹ کی ایک تصویر بھی شیئر کی، جس میں انہیں ناخوشگوار موڈ میں دکھایا گیا۔ سفارتخانے نے اپنی پوسٹ میں ٹرمپ پر سخت تنقید کرتے ہوئے ان پر اپنے ساتھیوں کو مشکل صورتحال میں چھوڑنے کا الزام بھی عائد کیا۔
ایرانی سفارتخانے نے دعویٰ کیا کہ جب باس خود مشکل وقت میں ساتھ نہ دے اور ماتحت کو خطرے میں بھیج دے تو وفاداری اور رفاقت کی تمام توقعات ختم ہوجاتی ہیں۔
تاہم وائٹ ہاؤس نے ایرانی سفارتخانے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اسے غلط قرار دیا۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق کیرولین لیویٹ صدر ٹرمپ کے ترکیہ کے دورے میں ان کے ہمراہ تھیں ہی نہیں۔
یوں کیرولین لیویٹ کے استعفے کی اصل وجہ سے متعلق دونوں جانب سے متضاد مؤقف سامنے آگیا ہے۔