انڈونیشیا میں 7.7 شدت کے زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 47 ہوگئی جبکہ درجنوں افراد زخمی ہیں۔
زلزلے کے باعث متعدد عمارتیں منہدم ہوگئیں، 50 سے زائد مکانات تباہ جبکہ کئی گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔ قدرتی آفت کے نتیجے میں 2 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔
ریسکیو ٹیموں کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ ملبے تلے دبے افراد کی تلاش بھی کی جارہی ہے۔ حکام نے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
زلزلہ ہفتے کی صبح انڈونیشیا کے جزیرے فلوریس کے قریب آیا تھا۔ زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کی گئی، تاہم بعد ازاں اسے واپس لے لیا گیا۔