پاکستانی اداکارہ نمرہ خان کے سابق شوہر زین حامد نے اداکارہ سے طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے علیحدگی کی وجہ بھی بتا دی۔
نمرہ خان نے مئی 2026 میں برطانیہ میں مقیم پائلٹ زین حامد سے شادی کی تھی۔ شادی کے بعد اداکارہ نے اپنی نئی زندگی کے آغاز پر خوشی کا اظہار کیا تھا، تاہم بعد میں سوشل میڈیا پر بعض پوسٹس کے بعد دونوں کی علیحدگی سے متعلق قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں۔
اس وقت نمرہ خان نے ان افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے درمیان سب کچھ ٹھیک ہے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے نظرِ بد سے بچنے کے لیے شادی کی تصاویر سوشل میڈیا سے ہٹائی ہیں۔
تاہم اب زین حامد نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے طلاق کی تصدیق کردی ہے۔ ان کے مطابق انہوں نے 17 جولائی کو نمرہ خان کو طلاق دی، جس کی بنیادی وجہ ناقابلِ حل ذاتی اختلافات اور دونوں کی مختلف ترجیحات تھیں۔
زین حامد نے کہا کہ وہ طلاق کے معاملے میں کسی پر الزام عائد نہیں کرنا چاہتے۔ ان کے مطابق علیحدگی کے حوالے سے قانونی کارروائی بھی شروع ہوچکی ہے اور معاملہ وکلا دیکھ رہے ہیں۔
سابق شوہر نے نمرہ خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ علیحدگی باہمی رضامندی سے ہوئی اور ایسی صورتحال مرد اور عورت دونوں کے لیے یکساں طور پر مشکل ہوتی ہے۔
نمرہ خان کی دوسری شادی کے اختتام کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ نمرہ خان نے اس سے قبل 2020 میں راجہ افتخار سے شادی کی تھی، تاہم یہ رشتہ بھی چند ماہ بعد ختم ہوگیا تھا۔