نور بخاری نے عون چوہدری سے دوبارہ شادی کی اصل وجہ بتا دی

فہرستِ مضامین

سابق پاکستانی اداکارہ نور بخاری نے سابق شوہر عون چوہدری سے دوبارہ شادی اور اپنی زندگی میں آنے والے مختلف نشیب و فراز کے بارے میں کھل کر گفتگو کی ہے۔

ایک پوڈکاسٹ میں عنبرین فاطمہ کو انٹرویو دیتے ہوئے نور بخاری نے بتایا کہ عون چوہدری سے دوبارہ شادی کا انہوں نے کبھی منصوبہ نہیں بنایا تھا، بلکہ وہ اسے اپنی تقدیر کا حصہ سمجھتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں کے درمیان محبت موجود تھی اور وقت کے ساتھ وہ دوبارہ ایک دوسرے کے قریب آگئے۔

’ہم چار بچوں کے ساتھ خوش ہیں‘

نور بخاری نے بتایا کہ ان کی اور عون چوہدری کی ایک بیٹی بھی ہے، جبکہ ان کے مطابق دونوں کے دوبارہ قریب آنے کی ایک وجہ یہ بھی تھی۔

انہوں نے کہا کہ جب انہوں نے اداکاری چھوڑ کر دین کی طرف توجہ دی تو عون چوہدری کے دل میں بھی اسی جانب آنے کا خیال پیدا ہوا۔ ان کے مطابق آج وہ چار بچوں کے ساتھ ایک خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں۔

زندگی کے نشیب و فراز سے کیا سیکھا؟

اپنی زندگی کے تجربات اور چار طلاقوں کا ذکر کرتے ہوئے نور بخاری نے کہا کہ انہوں نے زندگی میں کئی مشکلات اور اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں۔

ان کے مطابق ان تجربات نے انہیں یہ سکھایا کہ اللہ ہی وہ ذات ہے جو انسان کے ساتھ ہمیشہ رہتی ہے اور اسے کبھی تنہا نہیں چھوڑتی۔

سابق اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ ماضی میں واپس جانے کے بجائے اپنی موجودہ زندگی اور مستقبل پر توجہ دینے کو ترجیح دیتی ہیں۔

بیٹیوں والی خواتین کو دوبارہ شادی کے حوالے سے مشورہ

نور بخاری نے ان خواتین کے بارے میں بھی اپنی رائے کا اظہار کیا جن کی بیٹیاں ہوں اور وہ دوسری شادی کے بارے میں سوچ رہی ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام میں دوبارہ شادی کی اجازت ہے، تاہم بیٹی رکھنے والی خاتون کو کسی دوسرے خاندان میں شادی کرنے سے پہلے اس پہلو پر ضرور غور کرنا چاہیے کہ نیا شریکِ حیات اس بچے کا حقیقی والد نہیں ہوگا۔

ان کے مطابق ایسی صورتحال میں اگر ممکن ہو تو سابق شوہر کے ساتھ صلح یا دوبارہ رشتہ قائم کرنا بہتر راستہ ہوسکتا ہے۔

نور بخاری کے ان خیالات پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آیا، جہاں بعض صارفین نے ان کی ذاتی زندگی کے تجربات کو سراہا جبکہ کچھ نے ان کے مؤقف سے اختلاف کیا۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں