بارش یا سیلاب؟ راولپنڈی میں نالہ لئی کی سطح 17 فٹ تک پہنچ گئی

فہرستِ مضامین

راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جبکہ متعدد علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں بھی داخل ہوگیا۔

راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔ گولڑہ میں 144 ملی میٹر، بوکرہ میں 132 ملی میٹر، پیرودھائی میں 105 ملی میٹر، گوالمنڈی میں 77 ملی میٹر، کچہری میں 60 ملی میٹر جبکہ شمس آباد میں 41 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

شدید بارش کے باعث نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 17 فٹ تک پہنچ گئی، جبکہ گوالمنڈی پل کے مقام پر پانی کا بہاؤ 15 فٹ تک ریکارڈ کیا گیا۔

بارش کے پانی سے ڈھوک کھبہ اور صادق آباد کے علاقوں میں متعدد گھروں میں پانی داخل ہوگیا، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ضلعی انتظامیہ نے نالہ لئی کے اطراف رہنے والے شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری طور پر نشیبی علاقوں کا رخ نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے 21 اگست تک ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

دریاؤں میں نچلے درجے کا سیلاب

فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا ڈیم، کالاباغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو بیراج کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔

تاہم ملک کے دیگر دریاؤں میں پانی کی صورتحال معمول کے مطابق بتائی گئی ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں