برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے ایرانی حکومت کے قریبی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کے ساتھ تنازع بڑھنے کی صورت میں ایران مختلف جوابی اقدامات پر غور کر رہا ہے، جن میں یورپ میں موجود امریکی فوجی اثاثوں کو نشانہ بنانا بھی شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی افواج نے جنوب مشرقی یورپ، خصوصاً بلغاریہ میں موجود امریکی فوجی تنصیبات پر ممکنہ حملوں کے امکانات کا جائزہ لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق قبرص کو بھی ممکنہ ہدف کے طور پر زیرِ غور لایا گیا ہے۔
فنانشل ٹائمز کے مطابق ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والی زیرِسمندر فائبر آپٹک کیبلز میں خلل ڈالنے کے ممکنہ طریقوں کا بھی جائزہ لیا ہے۔
ایرانی ذرائع نے اخبار کو بتایا کہ کسی بھی ممکنہ جوابی کارروائی کی نوعیت اور شدت کا انحصار امریکا کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر ہوگا۔