ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران سے متعلق حالیہ معاشی اقدامات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی اقتصادی دہشتگردی عالمی معیشت اور دنیا بھر کے ممالک کی خودمختاری کے لیے خطرہ ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں عباس عراقچی نے امریکی قرضوں سے متعلق نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ بھی شیئر کی، جس میں امریکی قرضوں کے 40 ٹریلین ڈالر تک پہنچنے کا ذکر کیا گیا تھا۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف امریکا کا معاشی اعلانِ جنگ دراصل امریکا کو درپیش اندرونی معاشی بحران سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔
عباس عراقچی نے کہا کہ ناکام پالیسیوں کو مزید آگے بڑھانے کا نتیجہ مزید ناکامی اور شکست کی صورت میں نکلے گا۔ ان کے مطابق امریکی معاشی پالیسیاں نہ صرف عالمی معیشت بلکہ مختلف ممالک کی معاشی اور سیاسی خودمختاری کے لیے بھی ایک بڑا خطرہ بن چکی ہیں۔