فریال گوہر کے منگیتر نے یاسر عرفات کو کیسے بچایا؟

فہرستِ مضامین

پاکستانی شوبز کی معروف اداکارہ فریال گوہر نے اپنی زندگی سے جڑے ایک افسوسناک واقعے کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کی منگنی فلسطینی رہنما یاسر عرفات کے پائلٹ سے ہوئی تھی۔

ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فریال گوہر نے بتایا کہ وہ اپنے منگیتر کو اپنی زندگی کی محبت سمجھتی تھیں۔ ان کے مطابق ان کے منگیتر فلسطینی شہری اور یاسر عرفات کے پائلٹ تھے۔

اداکارہ نے بتایا کہ ایک پرواز کے دوران طیارہ شدید ریت کے طوفان میں پھنس گیا۔ طیارے میں ایندھن بھی محدود تھا اور محفوظ لینڈنگ کے امکانات کم ہوتے جا رہے تھے۔

فریال گوہر کے مطابق ان کے منگیتر نے یاسر عرفات کو طیارے کے باتھ روم میں لے جاکر محفوظ کیا اور دروازہ بند کردیا۔ یاسر عرفات کی جان بچانے کی کوشش میں پائلٹ نے طیارے کو انتہائی خطرناک انداز میں نیچے کی جانب موڑا، تاہم وہ خود اس حادثے میں شدید متاثر ہوئے اور جانبر نہ ہوسکے۔

اداکارہ نے بتایا کہ یہ المناک واقعہ ان کی شادی سے صرف دو ہفتے قبل پیش آیا۔ ان کے منگیتر کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔

فریال گوہر نے مزید بتایا کہ ان کے منگیتر کے پاس ایک لاکٹ تھا جو انہوں نے انہیں دیا تھا اور اس پر ان کی شادی کی تاریخ کندہ تھی۔ انتقال سے قبل منگیتر نے یہ لاکٹ ایک پاکستانی ڈاکٹر کے حوالے کرتے ہوئے اسے فریال گوہر تک پہنچانے کی درخواست کی۔

اداکارہ کے مطابق کئی برس بعد وہی پاکستانی ڈاکٹر ان سے ملے اور انہیں ان کے منگیتر کی آخری نشانی، وہ لاکٹ، واپس کیا۔

فریال گوہر نے اس واقعے کو اپنی زندگی کی ایک گہری اور ناقابلِ فراموش یاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ آج بھی اس المناک واقعے کو نہیں بھلا سکیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں