پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں ایک ایسا منفرد واقعہ پیش آیا جس نے کرکٹ شائقین کی توجہ حاصل کرلی۔ پاکستان کی پہلی اننگز کے بعد انگلینڈ کے دو بولرز نے میچ کی گیند کو درمیان سے کٹوا کر دو حصوں میں تقسیم کرلیا۔
پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 171 رنز پر آؤٹ ہوئی، جس میں انگلینڈ کے فاسٹ بولرز اولی رابنسن اور جوش ٹنگ نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 5،5 وکٹیں حاصل کیں۔
ایک ہی اننگز میں دو بولرز کا پانچ پانچ وکٹیں لینا نسبتاً کم دیکھنے میں آتا ہے۔ عام طور پر پانچ یا اس سے زائد وکٹیں لینے والا بولر میچ کی گیند کو یادگار کے طور پر اپنے پاس رکھتا ہے۔
تاہم اس بار اولی رابنسن اور جوش ٹنگ نے گیند کو آپس میں برابر تقسیم کرنے کا منفرد فیصلہ کیا۔ رابنسن کے مطابق پاکستان کی اننگز کے بعد گراؤنڈ سے باہر جاتے ہوئے جوش ٹنگ نے تجویز دی کہ گیند کو آدھا آدھا تقسیم کرلیا جائے۔
دونوں بولرز کی رضامندی کے بعد ڈریسنگ روم میں جوش ٹنگ نے گراؤنڈ اسٹاف سے پوچھا کہ کیا گیند کو درمیان سے کاٹ کر دو حصوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے۔
اولی رابنسن کے مطابق گراؤنڈ اسٹاف کچھ دیر بعد گیند کے دو ٹکڑے کرکے لے آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کی آدھی گیند جیسی یادگار روز روز نہیں ملتی، اس لیے یہ ایسی یادگار ہے جسے دونوں بولرز کبھی نہیں بھولیں گے۔
واضح رہے کہ تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن انگلینڈ کے خلاف مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 48.1 اوورز میں 171 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
جواب میں انگلینڈ نے دن کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز بنا لیے تھے۔