مریم نواز نے کس سیاسی جماعت کو ’دنگا فساد‘ اور کس کو ’کرپشن‘ سے جوڑ دیا؟

فہرستِ مضامین

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیاسی مخالفین پر نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سیاسی جماعت کا مزاج دنگا فساد اور دوسری کا سسٹم کے نام پر کرپشن ہے، اگر یہ جماعتیں بھی مسلم لیگ (ن) کی طرح عوامی خدمت اور ترقی پر توجہ دیتیں تو آج ملک مزید آگے ہوتا۔

لاہور میں جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیولوجی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ بیشتر سیاسی جماعتوں کی توجہ مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرنے میں ہے، حالانکہ انہیں اپنی توجہ عوامی خدمت، کارکردگی اور مسائل کے حل پر مرکوز کرنی چاہیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا سیاسی مزاج خدمت اور ترقی پر مبنی ہے، جبکہ ان کے بقول جو حکومت عوام کو ان کا حق ان کی دہلیز تک پہنچانے میں ناکام رہے، وہ کامیاب حکومت نہیں کہلا سکتی۔

پنجاب میں ہارٹ ٹرانسپلانٹ سینٹر کا افتتاح

مریم نواز نے جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیولوجی میں پاکستان کے پہلے ہارٹ ٹرانسپلانٹ سینٹر کے افتتاح کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ اب فعال ہوچکا ہے اور ملک بھر سے مریض یہاں علاج کے لیے آسکتے ہیں۔

انہوں نے صوبے میں ہوم ڈائیلاسز منصوبے پر بھی کام شروع کرنے کا اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے بااختیار لوگوں کو عوام کی خدمت کا موقع دیا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر عوامی فلاح سے متعلق فیصلے کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔

سرکاری اسپتالوں میں مفت علاج اور ادویات کا دعویٰ

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں شہریوں کو صرف مفت علاج کی سہولت ہی نہیں دی جا رہی بلکہ مفت ادویات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں معلوم ہے کہ بعض سرکاری اسپتالوں میں مریضوں سے رقم وصول کی جاتی ہے، تاہم حکومت اسپتالوں کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں