پاکستانی شوبز کی معروف اداکارہ، سابق ماڈل اور میزبان نتاشا حسین نے انکشاف کیا ہے کہ اداکار ہمایوں سعید آج بھی ان کے سیلیبریٹی کرش ہیں اور وہ ان کی بے حد مداح ہیں۔
حال ہی میں نتاشا حسین نے احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی ذاتی پسند اور ہمایوں سعید کے حوالے سے دلچسپ گفتگو کی۔
نتاشا حسین کا کہنا تھا کہ اگر وہ اپنے سیلیبریٹی کرش کے بارے میں سچ بتائیں تو وہ اب بھی ہمایوں سعید ہی ہیں۔ ان کے بقول وہ ہمایوں کی ایسی دیوانی مداح ہیں جس کا اندازہ شاید کوئی نہیں لگا سکتا۔
اداکارہ نے ایک ملاقات کا احوال بھی سنایا جب ہمایوں سعید ایک شوٹ کے سلسلے میں ان کے دوست کے گھر آئے تھے۔ نتاشا کے مطابق ہمایوں کو دیکھ کر وہاں موجود سب لوگ خاصے پرجوش ہوگئے۔
نتاشا حسین نے بتایا کہ وہ ہمایوں سعید کے ساتھ سیلفی لینا چاہتی تھیں، تاہم انہیں خدشہ تھا کہ شاید ایک بڑے اسٹار ہونے کی وجہ سے ہمایوں سیلفی لینے سے انکار کردیں۔
ان کے مطابق ہمایوں نہ صرف انتہائی خوش اخلاقی سے ملے بلکہ انہوں نے سب کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں اور مختلف پوز دینے میں بھی خوش دلی کا مظاہرہ کیا۔
نتاشا نے مزید بتایا کہ روشنی درست نہ ہونے کی وجہ سے انہیں ہمایوں سے کئی مرتبہ جگہ تبدیل کرنے کی درخواست کرنا پڑی، لیکن اداکار نے اس دوران بالکل بھی برا نہیں منایا اور نہایت خوش مزاجی اور عاجزی سے پیش آئے۔
ہمایوں سعید کی تعریف کرتے ہوئے نتاشا حسین نے کہا کہ انہوں نے اپنے اسٹار ہونے کا کوئی نخرہ نہیں دکھایا۔ ان کے بقول ہمایوں ان کا ’ڈائی ہارڈ کرش‘ ہیں اور ان کی شخصیت کے ساتھ ساتھ ان کا دل بھی بے حد دلکش ہے۔
نتاشا حسین نے تقریباً دو دہائیاں قبل ماڈلنگ اور ٹیلی ویژن سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اپنے دور کی نمایاں پاکستانی ماڈلز میں شمار ہوتی رہی ہیں۔ وہ مختلف ڈراموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، جن میں ’چلتے چلتے‘، ’پری زاد‘ اور ’یہ دل میرا‘ شامل ہیں۔