لندن: برطانیہ میں بڑھتے کاروباری اخراجات اور مصنوعی ذہانت (AI) کے بڑھتے استعمال کے باعث گریجویٹس کے لیے ملازمتوں کے مواقع میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
برطانوی جاب ویب سائٹ کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال جولائی میں گریجویٹس کے لیے 8 ہزار 383 ملازمتیں دستیاب تھیں، جبکہ گزشتہ سال جولائی میں یہ تعداد 15 ہزار 397 تھی۔ یوں ایک سال کے دوران گریجویٹس کی اسامیوں میں تقریباً 46 فیصد کمی ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق کمپنیوں کی جانب سے بڑھتے اخراجات پر قابو پانے اور مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں اضافے کے باعث انٹری لیول ملازمتوں کی بھرتیوں میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق اے آئی کے بڑھتے استعمال سے خاص طور پر وہ ملازمتیں متاثر ہو رہی ہیں جو کیریئر کے ابتدائی مرحلے میں نوجوانوں کو عملی تجربہ فراہم کرتی تھیں۔
دوسری جانب برطانیہ میں نوجوانوں کی بے روزگاری کی شرح بھی بڑھ کر 16.2 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جبکہ ایک کروڑ سے زائد نوجوان اس وقت تعلیم، روزگار یا تربیت کے عمل سے باہر ہیں۔
ملازمتوں کے مواقع میں کمی نے برطانوی گریجویٹس اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مستقبل سے متعلق تشویش میں مزید اضافہ کردیا ہے۔