پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان حالیہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس کل پیر کو ترکیے کے شہر استنبول میں منعقد ہوگا۔
ترک وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق اجلاس میں تینوں ممالک کے اعلیٰ سطح کے حکام شرکت کریں گے، جبکہ پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار بھی اجلاس میں شرکت کے لیے استنبول پہنچ چکے ہیں۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ترک وزارت خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ترکیے، سعودی عرب اور پاکستان کے اعلیٰ حکام رواں ماہ طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت پہلی کمیٹی کے اجلاس کے لیے استنبول میں جمع ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق اس اہم اجلاس میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور مسلح افواج کے چیفس آف اسٹاف شرکت کریں گے۔
اجلاس میں بین الاقوامی سلامتی کی صورتحال اور خطے کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی غور کیا جائے گا، جبکہ تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات بھی زیر بحث آئیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں دفاعی صلاحیتوں میں اضافے، مسلح افواج کے درمیان بہتر رابطے اور ہم آہنگی، مشترکہ دفاعی حکمت عملی کے علاوہ دفاعی صنعت میں تعاون، مشترکہ پیداوار اور جدید دفاعی سازوسامان کی تیاری جیسے اہم معاملات پر بھی بات چیت متوقع ہے۔
توقع کی جا رہی ہے کہ استنبول اجلاس پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان دفاعی تعاون کے نئے مرحلے کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔