ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ خطے میں عدم استحکام اور بےامنی کسی بھی ملک کے مفاد میں نہیں، کیونکہ ایسی صورتحال سے تمام ممالک کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
کرغزستان روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ ایران جنگ کا خواہاں نہیں، تاہم کسی بھی جارحیت کے سامنے خاموش نہیں رہے گا اور ملک کے خلاف جارحانہ اقدام کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن و سلامتی اور معاشی ترقی کے لیے تمام ممالک کو باہمی تعاون کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ ان کے مطابق مشترکہ کوششوں سے ہی خطے میں پائیدار سلامتی اور ترقی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔
ایرانی صدر نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر کسی مخصوص بیانیے کو مسلط کرنے کی کوششوں کے تناظر میں یہ اجلاس خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس کے موقع پر ہونے والی سائیڈلائن ملاقاتیں علاقائی سلامتی کے ساتھ ساتھ معاشی اور سیاسی معاملات کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہیں، جبکہ ان رابطوں کے ذریعے تمام شریک ممالک کے لیے مثبت اور سازگار نتائج سامنے آنے کی توقع ہے۔