ٹینس کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی نوواک جوکووچ نے اپنی اہلیہ جیلینا سے متعلق ماضی کا ایک دلچسپ واقعہ بیان کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ جیلینا ایک وقت میں ان کے ہی ایک ٹینس حریف کو ڈیٹ کرتی تھیں، جو آج بھی ان کے قریبی دوست ہیں۔
ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نوواک جوکووچ نے بتایا کہ انہوں نے پہلی مرتبہ جیلینا کے بارے میں اپنے ایک ٹینس حریف سے ہی سنا تھا۔
جوکووچ کے مطابق جیلینا اور مذکورہ ٹینس کھلاڑی ایک ہی کلب میں کھیلتے تھے۔ ایک علاقائی ٹینس لیگ جیتنے کے بعد اس کھلاڑی نے جیلینا کو منفرد انداز میں شادی کی پیشکش بھی کی۔
انہوں نے ماضی کا واقعہ یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے حریف نے اپنی شرٹ اتاری تو اس کے نیچے ایک سفید شرٹ موجود تھی، جس پر تحریر تھا کہ ’جیلینا، میں تم سے محبت کرتا ہوں۔‘
جوکووچ کا کہنا تھا کہ اس وقت وہ اور ان کے دوست یہ منظر دیکھ کر حیران رہ گئے تھے اور انہیں یہ سب کچھ خاصا عجیب لگا۔
انہوں نے بتایا کہ کچھ عرصے بعد جیلینا اسی دوستوں کے گروپ میں دوبارہ نظر آنے لگیں۔ بعد ازاں جب جوکووچ مونٹی کارلو منتقل ہوئے تو ان کی اور جیلینا کی ملاقاتیں بڑھیں اور دونوں نے ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنا شروع کردیا۔
ٹینس اسٹار کے مطابق جیلینا کو ماضی میں ڈیٹ کرنے والا کھلاڑی آج بھی ان کا دوست ہے، تاہم دونوں نے کبھی اس معاملے پر ایک دوسرے سے گفتگو نہیں کی۔
جوکووچ نے کہا کہ وہ دونوں جیلینا کے حوالے سے اپنے ماضی کے تعلق کی وجہ سے اس موضوع پر بات کرنے میں خود کو غیر آرام دہ محسوس کرتے ہیں۔
منفرد انداز میں شادی کی پیشکش
نوواک جوکووچ اور جیلینا نے شادی سے قبل آٹھ سال سے زائد عرصے تک ایک دوسرے کو ڈیٹ کیا۔
جوکووچ نے جیلینا کو شادی کی پیشکش کے لیے ایک گرم ہوا کے غبارے کا انتظام کیا، جس پر ’کیا تم مجھ سے شادی کرو گی؟‘ تحریر تھا۔
جیلینا ابتدا میں اس انتظام کو دیکھ کر الجھن کا شکار ہوئیں، تاہم جب جوکووچ نے گھٹنوں کے بل بیٹھ کر انہیں شادی کی پیشکش کی تو یہ لمحہ دونوں کے لیے یادگار بن گیا۔
دونوں نے 2014 میں، جوکووچ کی دوسری ومبلڈن چیمپئن شپ جیتنے کے بعد، شادی کرلی تھی۔