معروف بھارتی گلوکار و ریپر بادشاہ اور اداکارہ ایشا رِکھی نے شادی کے محض پانچ ماہ بعد باہمی رضامندی سے اپنی راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
بادشاہ نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ انہوں نے اور ایشا رِکھی نے باہمی رضامندی سے الگ ہونے اور اپنی اپنی زندگی میں آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
گلوکار کے مطابق یہ فیصلہ باہمی احترام کے ساتھ کیا گیا ہے۔ انہوں نے مداحوں اور میڈیا سے اپیل کی کہ اس مشکل وقت میں ان دونوں کی نجی زندگی کا احترام کیا جائے۔
بادشاہ نے واضح کیا کہ اس معاملے پر یہ ان کا واحد بیان ہے اور لوگوں سے کسی بھی قسم کی قیاس آرائی یا مفروضوں سے گریز کرنے کی درخواست کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں کے درمیان اختلافات کی خبریں رواں برس جولائی میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی تھیں۔ اسی دوران ایشا رِکھی نے بادشاہ کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ہر طوفان ایک سبق اور ہر دعا امید ہوتی ہے، جس کے بعد مداحوں نے ان کے تعلق میں مشکلات کے حوالے سے قیاس آرائیاں شروع کردی تھیں۔
یاد رہے کہ ایشا رِکھی نے رواں سال جون میں ایک آن لائن سوال و جواب کے سیشن کے دوران بادشاہ کے ساتھ اپنی شادی کی تصدیق کی تھی۔
دونوں کی علیحدگی کی خبر ان اطلاعات کے بعد سامنے آئی ہے کہ ایشا رِکھی ممکنہ طور پر سلمان خان کی میزبانی میں ہونے والے ریئلٹی شو ’بگ باس 20‘ کا حصہ بن سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ بادشاہ اس سے قبل جیسمین مسیح کے ساتھ شادی شدہ تھے۔ دونوں نے علیحدگی کے بعد 2020 میں اپنی طلاق کو حتمی شکل دی تھی۔ اس سابقہ شادی سے ان کی ایک بیٹی جیسیمی گریس مسیح سنگھ بھی ہے، جو جنوری 2017 میں پیدا ہوئی۔