وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلیاں اور پارلیمنٹ اگر چاہیں تو آئینی طریقہ کار کے تحت دو تہائی اکثریت سے نئے صوبے قائم کیے جاسکتے ہیں۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سب سے اہم مسئلہ انتخابات کا انعقاد تھا، جو ان کے مطابق پرامن اور شفاف انداز میں مکمل ہوئے۔
نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جب صوبائی اسمبلیاں اور پارلیمنٹ اس حوالے سے فیصلہ کریں گی تو دو تہائی اکثریت کے ذریعے نئے صوبے بنائے جاسکتے ہیں۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف متعدد مرتبہ اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں اور حکومت سیاسی معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی خواہاں ہے۔
آزاد کشمیر میں وزیراعظم کے انتخاب سے متعلق انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے انتخاب کا فیصلہ کرنے کا اختیار نواز شریف کے پاس تھا۔