کوک اسٹوڈیو کا عالمی ہٹ گانا ’پسوڑی‘ ایک ارب ویوز سے آگے نکل گیا

فہرستِ مضامین

کراچی، 7 ستمبر 2026: کوک اسٹوڈیو پاکستان کے سیزن 14 کے عالمی شہرت یافتہ گانے ’پسوڑی‘ نے یوٹیوب پر ایک ارب ویوز کا تاریخی سنگِ میل عبور کرلیا ہے، جسے پاکستانی موسیقی کے لیے عالمی سطح پر ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

علی سیٹھی اور شئے گِل کی آواز میں گایا گیا یہ مقبول گانا فروری 2022 میں کوک اسٹوڈیو پاکستان کے سیزن 14 کے دوران ریلیز ہوا تھا اور مختصر عرصے میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں غیر معمولی مقبولیت حاصل کرلی تھی۔

پنجابی اور اردو کے منفرد امتزاج، روایتی لوک موسیقی اور جدید دھنوں نے ’پسوڑی‘ کو جنوبی ایشیا سے نکل کر عالمی موسیقی کے منظرنامے میں نمایاں مقام دلایا۔ گانا آج بھی کوک اسٹوڈیو پاکستان کے یوٹیوب چینل کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو ہے۔

’پسوڑی‘ معروف موسیقار اور پروڈیوسر ذُلفی کی نگرانی میں تیار کیا گیا، جبکہ گانے کا بنیادی خیال علی سیٹھی نے تخلیق کیا۔ علی سیٹھی نے فضل عباس کے ساتھ مل کر گانے کے بول تحریر کیے اور ذُلفی کے ساتھ اس کی دھن ترتیب دی۔

گانے کی موسیقی کی ترتیب میں عبداللہ صدیقی اور شیری خٹک نے بھی اہم کردار ادا کیا، جبکہ پروڈکشن کی ذمہ داریاں عبداللہ صدیقی اور ذُلفی نے سنبھالیں۔

گانے کی ویڈیو بھی اپنی منفرد پیشکش، ثقافتی رنگوں اور روایتی رقص کی وجہ سے خاصی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ ویڈیو کی ہدایت کاری کمال خان نے کی، جبکہ احسن رضا نے سنیماٹوگرافی کے فرائض انجام دیے۔ ویڈیو میں معروف رقاصہ شیما کرمانی سمیت مختلف فنکاروں کی پرفارمنس نے گانے کی مقبولیت میں مزید اضافہ کیا۔

کوکا کولا کمپنی کے پاکستان اور افغانستان ریجن کے جنرل مینیجر سامی وحید کا کہنا ہے کہ یوٹیوب پر ’پسوڑی‘ کے ایک ارب ویوز کوک اسٹوڈیو اور پاکستانی موسیقی دونوں کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوک اسٹوڈیو گزشتہ تقریباً دو دہائیوں سے پاکستان کی موسیقی، زبانوں اور ثقافتی کہانیوں کو دنیا بھر کے سامعین تک پہنچا رہا ہے، جبکہ ’پسوڑی‘ اس بات کی نمایاں مثال ہے کہ مقامی ثقافت سے جڑی موسیقی عالمی سطح پر بھی غیر معمولی پذیرائی حاصل کرسکتی ہے۔

دوسری جانب گوگل کے پاکستان، فلپائن، تھائی لینڈ اور فرنٹیئر مارکیٹس کے کلسٹر ڈائریکٹر فرحان قریشی نے کہا کہ یوٹیوب پاکستانی ثقافت، کہانیوں اور فنکاروں کو عالمی سامعین تک پہنچانے کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔

ان کے مطابق ’پسوڑی‘ کی مسلسل مقبولیت ثابت کرتی ہے کہ مقامی زبان، موسیقی اور ثقافت سرحدوں سے آگے بڑھ کر عالمی سطح پر دیرپا مقام حاصل کرسکتی ہے۔

’پسوڑی‘ نے اپنی ریلیز کے فوراً بعد ہی عالمی سطح پر توجہ حاصل کرلی تھی۔ 2022 میں یہ گانا گوگل کی Year in Search فہرست میں بھی نمایاں رہا، جہاں یہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے گانوں میں شامل تھا۔

کوک اسٹوڈیو پاکستان کے یوٹیوب چینل کے اس وقت تقریباً ایک کروڑ 80 لاکھ سبسکرائبرز ہیں، جبکہ ’پسوڑی‘ بدستور چینل کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو ہے۔

گانے کی مقبولیت صرف آفیشل میوزک ویڈیو تک محدود نہیں رہی بلکہ یوٹیوب شارٹس پر صارفین نے ’پسوڑی‘ سے متعلق 20 لاکھ سے زائد ویڈیوز بھی تخلیق کیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ’پسوڑی‘ کی آفیشل میوزک ویڈیو کے تقریباً 90 فیصد ویوز بین الاقوامی سامعین سے حاصل ہوئے، جبکہ اسے اب تک دنیا کے 60 سے زائد ممالک میں دیکھا جاچکا ہے۔

یوٹیوب پر ایک ارب ویوز کا سنگِ میل عبور کرنا کوک اسٹوڈیو پاکستان اور پاکستانی موسیقی کے لیے ایک تاریخی کامیابی ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی مقامی آوازیں، موسیقی اور ثقافتی کہانیاں عالمی سامعین کے دلوں میں بھی اپنی جگہ بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں