دریائے چناب اور  جہلم میں سیلاب کی وارننگ

فہرستِ مضامین

پنجاب حکومت نے دریائے چناب اور  جہلم اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں  سیلاب کی  وارننگ جاری کر دی ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ دریائے چناب اور جہلم میں نچلے سے درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔ 28 سے 31 جولائی کے دوران دریائے چناب اور جہلم میں پانی کے غیر معمولی اضافے کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے کمشنر راولپنڈی، گجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کو الرٹ جاری کیا ہے، اس کے ساتھ گجرات، جہلم، منڈی بہاوالدین، سرگودھا، خوشاب، جھنگ، خانیوال، ملتان، کوٹ ادو، مظفرگڑھ، سیالکوٹ، گجرانوالہ، حافظ آباد اور چنیوٹ کے  ڈپٹی کمشنرز کو بھی متنبہ کردیا گیا ہے۔

رلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور واسا حکام کو ممکنہ صورتحال بارے الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں، نبیل جاوید کا کہنا تھا کہ لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت، محکمہ جنگلات، لائیو اسٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

رلیف کمشنر نے کہا کہ دریاؤں کے پاٹ میں موجود مکانوں اور مویشیوں کے انخلاء کو یقینی بنایا جائے۔ فلڈ ریلیف کیمپس میں خوراک،  پینے کے صاف پانی و دیگر سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔

 ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ عوام جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ ہنگامی انخلاء کی صورت میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔ حکومت پنجاب آپکا اور آپکے مال مویشیوں کا پوری طرح سے خیال رکھے گی۔

دریائے سندھ میں نچلے درجے کا سیلاب

پنجاب نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں اور گلیشئیر پگھلنے کے باعث دریاؤں کے بہاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد میں بھی راول ڈیم میں پانی کی سطح جمعے کی رات 1750.00 فٹ تک پہنچ جانے کے بعد اس کے سپل وے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں اور گلیشئیر پگھلنے کے باعث دریاؤں کے بہاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے اور تربیلا ڈیم کے مقام پر پر پانی کی آمد 3 لاکھ 9 ہزار جبکہ اخراج 2 لاکھ 66 ہزار ریکارڈ کی گئی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق تونسہ کے مقام پر پر پانی کی آمد 4 لاکھ 47 ہزار جبکہ اخراج 4 لاکھ 41 ہزار ریکارڈ کیا گیا۔

کالاباغ کے مقام پر پر پانی کی آمد 3 لاکھ جبکہ اخراج 2 لاکھ 93 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا اور چشمہ کے مقام پر پر پانی کی آمد 3 لاکھ 72 ہزار جبکہ اخراج 3 لاکھ 57 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

دریائے چناب راوی، جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ فی الحال نارمل لیول پر ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث پنجاب کے بڑے دریاؤں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ  برسات کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور دریاؤں نہروں اور ندی نالوں میں ہرگز مت نہائیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں