تین سال بعد حماد اظہر گرفتار، مقدمات کی تفتیش شروع

فہرستِ مضامین

لاہور: لاہور پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کی باقاعدہ گرفتاری ڈال دی ہے۔ پولیس کے مطابق حماد اظہر لاہور پولیس کو مختلف مقدمات میں مطلوب تھے اور اب انہیں قانونی کارروائی کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

حماد اظہر کو گزشتہ روز ملتان سے گرفتار کیا گیا تھا، تاہم لاہور پولیس نے آج انہیں اپنے مقدمات میں باضابطہ طور پر گرفتار کرلیا۔

لاہور پولیس کے ترجمان کے مطابق حماد اظہر پولیس کو مجموعی طور پر 18 مقدمات میں مطلوب تھے اور وہ گزشتہ تقریباً تین سال سے روپوش تھے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ انویسٹی گیشن پولیس نے حماد اظہر کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور ان کے خلاف درج مقدمات کے حوالے سے قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق حماد اظہر کو متعلقہ عدالت میں پیش کرکے تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کی استدعا کی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ مختلف مقدمات کی تفتیش مکمل ہونے کے بعد قانون کے مطابق چالان تیار کرکے انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

پولیس کے مطابق حماد اظہر کے خلاف مقدمات میں تحقیقات کو قانونی تقاضوں کے مطابق آگے بڑھایا جائے گا اور عدالت سے حاصل ہونے والے ریمانڈ کے دوران تفتیش مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

واضح رہے کہ حماد اظہر پاکستان تحریک انصاف کے اہم رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں اور سابق وفاقی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ ان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے ممکنہ ردعمل اور آئندہ قانونی پیش رفت پر سیاسی حلقوں کی نظریں مرکوز ہیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں