لندن: پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ لارڈز ٹیسٹ کے بعد قومی ٹیم میں کی جانے والی تبدیلیاں ان کے لیے بھی غیر متوقع تھیں اور انہیں اس بارے میں پہلے سے آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔
بابر اعظم کے مطابق ٹیم میں تبدیلیاں ان کی معلومات، مشاورت یا منظوری کے بغیر کی گئیں اور انہیں ان فیصلوں کا علم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے باضابطہ بیان کے ذریعے ہوا۔
قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ موجودہ سلیکشن کے طریقہ کار کے تحت انہیں ٹیم میں ہونے والی تبدیلیوں سے آگاہ ہونا چاہیے تھا۔
اس سے قبل بابر اعظم نے لارڈز ٹیسٹ کے اختتام پر قومی ٹیم کے 7 کھلاڑیوں کو ڈراپ کیے جانے کے پی سی بی کے فیصلے پر کہا تھا کہ بورڈ نے یقیناً یہ فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا ہوگا۔
انگلینڈ کے خلاف ایجبسٹن ٹیسٹ سے ایک روز قبل لندن کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں بابر اعظم نے پہلی مرتبہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان کی 194 رنز سے شکست پر بھی بات کی۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ پاکستان نے لارڈز ٹیسٹ میں کسی بھی شعبے میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا اور ٹیم کو اپنی غلطیوں سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔