ممبئی: بالی وڈ اداکار اکشے کمار نے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن سے متعلق ایک دلچسپ واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ ان کے گھر کے ایک ملازم نے امیتابھ بچن کو دیکھ کر گھبراہٹ میں پانی کے تین سے چار گلاس ان کے کُرتے پر گرا دیے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اکشے کمار نے یہ واقعہ مقبول ٹی وی شو ’کون بنے گا کروڑپتی‘ سیزن 18 میں سنایا، جہاں وہ اداکار سیف علی خان اور ہدایتکار پریا درشن کے ہمراہ اپنی فلم کی تشہیر کے لیے شریک ہوئے۔
58 سالہ اداکار نے بتایا کہ جب وہ ماضی میں ممبئی کے علاقے لوکھنڈوالا میں رہتے تھے تو ایک مرتبہ امیتابھ بچن ان کے گھر آئے۔
اکشے کمار کے مطابق ان کے گھر میں کام کرنے والا ایک ملازم امیتابھ بچن کا بہت بڑا مداح تھا۔ لیجنڈری اداکار کو اپنے سامنے دیکھ کر وہ اس قدر گھبرا گیا کہ پانی کا گلاس پکڑتے ہوئے اس کی توجہ ہی بٹ گئی۔
اکشے نے بتایا کہ وہاں پانی کے تین یا چار گلاس رکھے ہوئے تھے، لیکن ملازم نے گھبراہٹ میں تمام گلاس امیتابھ بچن کے کُرتے پر گرا دیے۔
اداکار نے واقعہ یاد کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت وہ سوچنے لگے کہ اب کیا ہوگا؟
تاہم صورتحال اس وقت مزید دلچسپ ہوگئی جب امیتابھ بچن سمیت شو میں موجود تمام افراد یہ واقعہ سن کر بے اختیار ہنس پڑے۔
اکشے کمار کے مطابق یہ واقعہ ان کے لیے آج بھی ایک یادگار اور دلچسپ یاد ہے۔