ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سکواڈز کا اعلان

فہرستِ مضامین

کراچی (اسپورٹس نیوز) پاکستانی کرکٹ کے لیے ایک مصروف سیزن منتظر ہے، کیونکہ قومی سلیکشن کمیٹی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف  ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اسکواڈز کا اعلان کر دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم رواں سال جولائی اور اگست میں ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے گی، جہاں 3 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائیں گی۔ یہ سیریز نہ صرف پاکستان کے بین الاقوامی کرکٹ شیڈول کا حصہ ہیں بلکہ نئے کھلاڑیوں اور قیادت کی تبدیلیوں کے حوالے سے بھی اہم ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے میچز 31 جولائی، 2 اور 3 اگست کو سینٹرل بروورڈ پارک، بروورڈ کاؤنٹی اسٹیڈیم اور لارڈز ہل میں کھیلے جائیں گے۔ سلمان علی آغا ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔

اس فارمیٹ میں فاسٹ باؤلرز حارث رؤف، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کی واپسی ہوئی ہے، جو باؤلنگ اٹیک کو مضبوط کریں گے۔ پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش میں تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے اختتام کے بعد 27 جولائی کو امریکہ پہنچ رہی ہے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد پاکستان کی قومی ٹیم ون ڈے سیریز میں ویسٹ انڈیز سے ٹکرائے گی۔ ون ڈے سیریز کے تین میچز 8، 10 اور 12 اگست کو ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے  برائن لارا کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز کی قیادت وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو سونپی گئی ہے جب کہ سلمان علی آغا نائب کپتان ہوں گے۔

دائیں ہاتھ کے بلے باز حسن نواز کو پہلی بار اسکواڈ میں اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا۔ بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی بھی ون ڈے سکواڈ کا حصہ ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سکواڈ میں کون کون شامل ہے؟

ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 15 رکنی قومی اسکواڈ میں سلمان علی آغا (کپتان)، ابرار احمد، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، حسن نواز اور حسین طلعت شامل ہیں۔

خوشدل شاہ، محمد حارث (وکٹ کیپر)، محمد نواز، صاحبزادہ فرحان (وکٹ کیپر)، صائم ایوب، شاہین شاہ آفریدی اور سفیان مقیم بھی ٹی ٹوئنٹی سکواڈ کا حصہ ہیں۔

ون ڈے سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ میں محمد رضوان (کپتان)، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، فہیم اشرف اور فخر زمان شامل ہیں۔

حسن علی، حسن نواز، حسین طلعت، محمد حارث (وکٹ کیپر)، محمد نواز، نسیم شاہ، صائم ایوب، شاہین شاہ آفریدی اور سفیان مقیم بھی ون ڈے سکواڈ کا حصہ ہوں گے۔

ٹیم مینجمنٹ میں نوید اکرم چیمہ (مئنیجر)، مائیک ہیسن (ہیڈ کوچ)، ایشلے نوفکے (باؤلنگ کوچ)، حنیف ملک (بیٹنگ کوچ)، شین میک ڈرموٹ (فیلڈنگ کوچ) اور کلف ڈیکن (فزیو تھراپسٹ) شامل ہیں۔

گرانٹ لاؤڈن (اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ)، طلحہ اعجاز (اینالائسٹ)، سید نعیم احمد (میڈیا مئنیجر)، ارتزا کامل (سیکیورٹی مئنیجر)، ڈاکٹر واجد علی رفائی (ٹیم ڈاکٹر) اور محمد احسان (مساجر) بھی ٹیم مینیجمینٹ کا حصہ ہیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں