بین الاقوامی: غزہ میں شہری ہلاکتوں کے موضوع پر بنائی گئی دستاویزی فلم ’نازا‘ کو وینس فلم فیسٹیول میں شائقین کی جانب سے غیر معمولی پذیرائی ملی، فلم کی نمائش کے بعد تقریباً 25 منٹ تک کھڑے ہو کر تالیاں بجائی گئیں۔
فلم کی ہدایت کاری اسرائیلی صحافیوں یووال ابراہم اور ریچل زور نے کی ہے۔ دستاویزی فلم میں غزہ میں عام شہریوں کی ہلاکتوں سے متعلق اسرائیلی انٹیلی جنس افسران اور فوجی اہلکاروں کی گواہیوں کو موضوع بنایا گیا ہے۔
فلم کے ہدایت کاروں کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ ’نازا‘ کی کہانی اور اس میں پیش کیے گئے شواہد ناظرین کے لیے غزہ میں شہری ہلاکتوں کے معاملے پر خاموش رہنا مشکل بنا دیں گے۔
’نازا‘ کو وینس فلم فیسٹیول کے مرکزی مقابلے میں شامل کیا گیا ہے، جہاں یہ گولڈن لائن ایوارڈ کے لیے 21 دیگر فلموں کے ساتھ مقابلہ کر رہی ہے۔
فلم کی نمائش کے بعد ملنے والی طویل پذیرائی کو اس کے موضوع پر عالمی سطح پر جاری بحث کے تناظر میں بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔