سعودی فوجی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے مکہ مکرمہ کی ممنوع فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے حوثی ڈرون کو روک کر تباہ کردیا۔
سعودی فوجی اتحاد کے مطابق ڈرون کو مکہ مکرمہ کے گرد مقررہ ممنوع فضائی حدود میں داخل ہونے سے پہلے ہی نشانہ بنایا گیا۔
اتحادی فوج نے واضح کیا کہ دونوں مقدس مساجد کا تحفظ سرخ لکیر ہے اور حوثیوں کے خلاف ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
سعودی اتحادی فوج کے ترجمان ترکی المالکی نے اپنے بیان میں کہا کہ حوثیوں کی جانب سے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی یہ دوسری کوشش ہے۔ اس سے قبل جولائی 2017 میں بھی مکہ مکرمہ کی جانب بیلسٹک میزائل داغا گیا تھا۔
دوسری جانب سعودی عرب کے شہروں جازان، ابہا اور خمیس مشیط میں منگل کی رات حملوں کے خطرے کے پیش نظر سائرن بجائے گئے، تاہم کچھ دیر بعد وارننگ واپس لے لی گئی۔
رپورٹس کے مطابق پیر کے روز حوثی فورسز کی جانب سے سعودی عرب پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے متعدد حملوں میں 13 شہری زخمی ہوئے تھے۔